My Trade Union

قاضی سراج نے محنت کشوں کا صفحہ 35 سال متواتر شاٸع کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ پروفیسر شفیع ملک
Latest News URDU

قاضی سراج نے محنت کشوں کا صفحہ 35 سال متواتر شاٸع کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ پروفیسر شفیع ملک

Jul 21, 2023

  کراچی (ٹریڈ یونین نیوز ) باباٸے مزدور نیشنل لیبر فیڈریشن کے بانی اور وی ٹرسٹ کے چیٸرمین پروفیسر شفیع ملک نے سینٸر صحافی قاضی سراج العابدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوٸے کہا کہ روزنامہ جسارت میں گذشتہ پینتس سال تواتر کے ساتھ محنت کشوں کا صفحہ نکال کر قاضی سراج نےایک تاریخ رقم کی ہے۔ اس کام کو جاری رکھنے کی اشد ضرورت ہے وی ٹرسٹ اس حوالے سے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہے۔ وہ جمعہ کے روز وی ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ قاضی سراج کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ان کا کہنا تھا قاضی سراج سب کو ساتھ لے کر چلتے تھے آج اسی لیے سب انھیں یاد کرتے ہیں۔روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر مظفر اعجاز نے کہا کہ انھوں نے بلا امتیاز سب کی خبروں کو جگہ دی کبھی اپنی تنخواہ بڑھانے کے لیے ہمارے پاس نہیں آٸے صرف ایک دفعہ آٸےاور پریشان ہوکر کہا کہ میرے علم میں آیا ہے کہ محنت کشوں کا صفحہ بند کیا جارہا ہے اگر ایسا ہوا تو مزدوروں کے ساتھ جسارت کو بھی نقصان ہوگا انھیں اپنی ذات سے زیادہ محنت کشوں کے صفحہ کی فکر ہوتی تھی۔ پیپلز لیبر بیورو کےرہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ موجودہ حالات میں محنت کشوں کی حالات زار بہتر نہیں ہے انکی کم ازکم تنخواہوں میں اضافہ اور انکے روزگار کا تحفظ کرنا ناگزیر ہے ۔قاضی سراج نے ٹریڈ یونین صحافت میں جو مثالی کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ سیسی آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری وسیم جمال نے کہا کہ وہ سردی گرمی کو نہیں دیکھتے تھے جہاں مزدوروں کو کوریج کی ضرورت ہوتی تھی وہاں پہنچ جاتے تھے۔ انکی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ معروف مزدور رہنما غلام مصطفی ہاشمانی نے کہا کہ اس دورہ میں اچھا انسان ملنا بہت مشکل ہے لیکن قاضی سراج کی شکل میں ایک فرشتہ صفت انسان ہمیں ملا جو محنت کشوں کا حقیقی مخلص دوست تھا۔ ممتاز کالم نگار اسرار ایوبی نے کہا کہ وہ کسی بھی پروگرام کی کوریج کے بس سے سفر کر کے جاتے اکثر دوستوں سے لفٹ لے لیتے ہمیں بھی یہ اعزاز ہوا ۔قاضی سراج نے داٸیں اور باٸیں بازو کے محنت کشوں کو قریب لانے میں ایک پل کا کردار ادا کیا۔ ایپوا کے چیٸرمین اظفر شمیم نے قاضی سراج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوٸے کہا کہ انھوں نے ہمیشہ ہمارے پروگرام کی کوریج کی اور ہمیشہ ہماری رہنماٸی بھی کرتے رہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے کہا کہ انکی خدمات کے اعتراف میں این ایل ایف ایک تعزیتی پروگرام بہت جلد کرٸے گی انکا کہنا تھا قاضی سراج مزدوروں کا دوست تھا اور اپنی زندگی کا بڑا حصہ محنت کشوں کی خدمت میں گذارا۔سینٸر صحافی ھفت روزہ ٹریڈ یونین کے چیف ایڈیٹر شاہد غزالی نے کہا کہ ٹریڈ یونین صحافت میں قاضی سراج میرے استاد تھے وہ ایک درویش صفت مخلص اور سب سے محبت کرنے والے انسان تھے انھوں نے راٸٹ اور لیفٹ نظریات کو ایک طرف رکھ کر محنت کشوں کی خدمت کی ۔جسارت داٸیں بازو کا اخبار ہے لیکن قاضی سراج نے محنت کشوں کے صفحہ پر باٸیں بازو کے بڑے بڑے کامریڈ رہنماوں کے بیانات اورمضامین شاٸع کیے یہی وجہ ہے کہ ہر مکتبہ فکر کا رہنما ان کو اچھے لفظوں میں یاد کرتا ہے۔ تقریب سے ان کے صاحبزادے قاضی معاذ اوردیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا تقریب کی نظامت این ایل ایف کراچی کے جنرل سیکریٹری قاسم جمال نے کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *