My Trade Union

ای او بی آٸی ۔نوٹیفکیشن میں غیر معمولی تاخیر پنشن میں تاحال اضافہ نہ ہوسکا،
URDU

ای او بی آٸی ۔نوٹیفکیشن میں غیر معمولی تاخیر پنشن میں تاحال اضافہ نہ ہوسکا،

Sep 4, 2023

وزارت نے غیر معمولی تاخیر سے 17 اگست کو پنشن میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ۔ جس کے باعث اضافہ شدہ پنشن کی تیاری کے لئے عملہ کو مناسب وقت نہیں مل سکا ۔جلد بقایاجات جات کی ادائیگی کا امکان!

کراچی: (ٹریڈ یونین) نئی حکومت کی تبدیلی کے باعث وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل، حکومت پاکستان کی جانب سے ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) کی پنشن میں اضافہ کا نوٹیفکیشن غیر معمولی تاخیر سے جاری ہونے کے نتیجہ میں اس ماہ بھی پنشن میں اضافہ ممکن نہ ہوسکا ۔ اس سلسلہ میں EOBI کے سابق افسر تعلقات عامہ اور ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان، اسرار ایوبی نے ذرائع کے حوالہ سے بتایا کہ وزارت نے غیر معمولی تاخیر سے 17 اگست کو پنشن میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ۔ جس کے باعث اضافہ شدہ پنشن کی تیاری کے لئے عملہ کو مناسب وقت نہیں مل سکا ۔ کیونکہ EOBI کے مقررہ طریقہ کار (SOP) کے مطابق ملک بھر کے 39 ریجنل دفاتر سے نئے پنشنرز کا مکمل ڈیٹا موصول ہونے اور ان کی بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہر ماہ کی دس تاریخ تک پنشن کو حتمی شکل دی جاتی ہے اور پھر ضروری دفتری کارروائی کے بعد پنشن فنڈز بینک الفلاح کو منتقل کئے جاتے ہیں ۔ واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے حالیہ قومی بجٹ میں EOBI پنشن 8500 روپے سے اضافہ کرکے 10000 روپے کرنے کا اعلان کیا تھا جس کا اطلاق یکم جولائی سے کیا گیا تھا ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ EOBI کی انتظامیہ کو بزرگ پنشنرز کی مشکلات کا احساس ہے اور اس سلسلہ میں جلد ہی پنشنرز کے لئے علیحدہ سے پچھلے دو ماہ کے بقایاجات کی ادائیگی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ مزید برآں معلوم ہوا ہے کہ EOBI نے ملک بھر میں اپنے چار لاکھ سے زائد پنشنرز میں پنشن تقسیم کرنے کی غرض سے بینک الفلاح کو تقریباً 3 ارب 94 کروڑ روپے کی خطیر رقم فراہم کردی ہے ۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں پنشنرز کے اکاؤنٹ میں ان کی ماہ اگست کی پنشن آچکی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *