My Trade Union

باباٸے صحافت نثار عثمانی اور آر اے شمسی کی برسی  روایت زندہ ہے  ۔۔.  !!  ۔۔  جدوجہد جاری ہے  ۔۔۔۔
URDU

باباٸے صحافت نثار عثمانی اور آر اے شمسی کی برسی روایت زندہ ہے ۔۔. !! ۔۔ جدوجہد جاری ہے ۔۔۔۔

Sep 4, 2023

استاد محترم جناب سی آر شمسی نے 25 سال پہلے انسانی حقوق کے علمبردار اور پی ایف یو جے کے عظیم رہنما جناب نثار عثمانی کی شاندار جدوجہد کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیئے ان کی برسی کے موقع پر 4ستمبر کو پہلے سپر مارکیٹ اور بعد ازاں ڈیلی ’’ڈان‘‘ اسلام آباد کے دفتر کے باہر لان میں ہر سال ان کی یاد میں شمعیں جلانے کی روایت شروع کی اور وہ ہرسال ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کرتے اور جناب نثار عثمانی کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کی صحافتی زندگی پر سیرحاصل گفتگو کرنے کے لیے ہاوس اوپن کردیتے تھے لیکن بدقسمتی سے2 سال قبل 4 ستمبر کی اس تقریب کے انعقاد کے ٹھیک 13دن بعد 17ستمبر2021کو جدوجہد کی یہ علامت پی ایف یو جے کے سابق سیکرٹری جنرل جناب سی آرشمسی بھی اپنے رب کریم کے پاس حاضر ہو گئے (خدا ان دونوں بے لوث عظیم رہنمائوں کو غریق رحمت کرے)
4ستمبر کو سی آر شمسی کی اس روایت کو زندہ رکھنے کیلئے ان کے جدوجہد کے ساتھی، پیرو کار طارق عثمانی اور سی آر شمسی کے بھانجے چوہدری اورنگزیب اور ان کے صاحبزدگان سلطان احمد شمسی ، ذیشان شمسی ، عدنان شمسی اور سعد عمر شمسی نے جناب نثار عثمانی اور جناب سی آر شمسی کی یاد میں تقریب جاری رکھنے کی اس روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے تقریب کا انعقاد کیا اور شمعیں روشن کیں جس میں سی آر شمسی کے ذاتی دوستوں ، دانشوروں، وکلاء، مزدور رہنماؤں کے علاوہ جڑواں شہروں کی سینئر صحافتی قیادت نے بلا تفریق بھر پور شرکت کی اور یہ پروقار تقریب کھلے ماحول میں 4 گھنٹے تک جاری رہی جہاں اِن دونوں عظیم رہنمائوں کی صحافتی زندگی ، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے ان کی بے لوث جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی اور انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیااور اس پروقار تقریب میں بلا تفریق صحافتی نمائندوں اورسینئر صحافیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاکہ وہ اپنے ان عظیم قائدین کو خراج عقیدت پیش کرسکیں ۔
تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بزرگ دانشور فرحت اللہ بابر، معروف فلاسفر ڈاکٹر امر لعل ایڈووکیٹ،
فوزیہ شاہد ، حاجی محمد نواز رضا، طارق عثمانی ، سجاد ترین ،ڈاکٹر سعدیہ کمال ، اسلم خان، فرحت فاطمہ، علی شیر، اسحاق چوہدری، سجاد اظہر، افتخار شیرازی، شکیل قرار، چوہدری اورنگ ز یب، سعد عمر شمسی ، خالد ا برار اترا، جی ایم جٹ،سہیل خان، ناصر میر، خاور نوازراجہ ،جاوید ملک، احمد نواز خاں ،نجف رضا شیرازی عدنان شمسی، اور دیگر بہت سے دوستوں نے خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر حاجی محمد نواز رضا نے دونوں جدوجہد کے دوستوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کرائی جس کے بعد آر آئی یو جے کے سابق جنرل سیکرٹری طارق عثمانی اور عدنان شمسی نے تمام معزز مہمانوں کا اس طویل تقریب میں شرکت کرنے اور مقررین کی سیر حاصل گفتگو سننے پرتمام حاضرین کا فردا فردا خصوصی شکریہ ادا کیا آج کی تقریب اس لحاظ خصوصی اہمیت کی حامل تھی کہ پہلی بار اس میں شہر کے پروفیشنل صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بعدازاں حسب روایت جناب نثار عثمانی اور اب ان کے جدوجہد کے کمٹڈ ساتھی جناب سی آر شمسی کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اس تقریب میں شریک ایک ایک شخص نے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *